کراچی:
سندھ ہائیکورٹ نے ایئر پورٹ خود کش حملہ کیس کی ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت پر تفتیشی افسر کو 10 یوم میں حتمی چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
ہائیکورٹ میں ایئر پورٹ خود کش حملہ کیس کی ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ مقدمے میں نہ حتمی چالان پیش کیا گیا اور نہ ہی کوئی پراگریس ہے۔ 6 اکتوبر کا وقوعہ ہے، چھ ماہ سے زائد وقت گزر گیا لیکن چالان پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ مقدمے کا عبوری چالان تو پیش کردیا ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ تفتیشی افسر کو پنجاب فرانزک لیب سے یو ایس بی مل چکی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا فرانزک رپورٹ مل گئی ہے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ جی یو ایس بی کی فرانزک رپورٹ مل گئی ہے۔
سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ حتمی چالان جلد پیش کردیں گے۔ تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ جلد سے جلد چالان جمع کرایا جائے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ 10 روز میں چالان پیش کردیں گے۔ عدالت نے وکیل صفائی سے استفسار کیا کہ آپ درخواست ضمانت پر ابھی دلائل دینا چاہتے ہیں یا چالان تک انتظار کرنا چاہتے ہیں؟۔
وکیل صفائی شوکت حیات ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ہمیں یو ایس بی بھی فراہم کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کس قانون کے تحت آپ کو یو ایس بی دی جائے؟ اگر پراسیکیوشن یو ایس بی کو شواہد بنائیں گے تو آپ کو دیدی جائے گی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی آئی ٹی لیب کو مزید وقت درکار ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہاں 6 گھنٹے میں دنیا تبدیل ہوجاتی ہے، واشنگٹن سے کال آجاتی ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو 10 یوم میں حتمی چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔