وزیراعظم اور وزارت تعلیم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کالجز میں نیشنل کیڈٹ کور اور ویمن گارڈز کی تربیت کو دوبارہ لازمی قرار دیا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا قمر نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزارت تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ کالجز میں نیشنل کیڈٹ کور (NCC) اور ویمن گارڈز کی تربیت دوبارہ لازمی قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عذرا قمر نے تجویز دی کہ فوجی تربیت حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو 20 اضافی نمبر بھی دیے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت اور خدمت کا جذبہ نصاب کا حصہ بننا چاہیے۔ انہوں نے خاص طور پر 10 مئی کو پاک افواج کی قربانیوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے پر زور دیا، تاکہ نوجوان نسل سرفروشی کی داستانوں سے آگاہ ہو اور قومی جذبے سے سرشار ہو۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا سب کا حق ہے، لیکن وطن کے لیے خدمات انجام دینا ہمارا فرض ہے۔