غزہ: تین ماہ کی مکمل ناکہ بندی کے بعد بالآخر 5 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہو گئے، جو بچوں کی خوراک اور دیگر ضروری سامان لے کر کرم ابو سالم گزرگاہ کے ذریعے پہنچے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے محدود پیمانے پر ناکہ بندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قحط کے خطرے سے دوچار غزہ میں بنیادی خوراک پہنچائی جا سکے۔
اقوام متحدہ نے اس اقدام کو مثبت پیشرفت قرار دیا ہے تاہم اس بات پر زور دیا ہے کہ انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے امداد کی مقدار ناکافی ہے۔
خیال رہے کہ 2 مارچ سے اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہر قسم کے سامان کا داخلہ بند کر دیا تھا جس سے غزہ میں غذائی قلت شدید ہوگئی تھی۔
گزشتہ ہفتے غذائی ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ اگر فوری امداد نہ پہنچی تو قحط جیسی صورتحال جنم لے سکتی ہے۔ عالمی تنقید کے بعد اسرائیل نے جزوی طور پر امدادی سامان کی اجازت دینے کا اعلان کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ امداد صرف عام شہریوں تک پہنچے گی اور حماس کو اس کی تقسیم کا کنٹرول حاصل نہیں ہونے دیا جائے گا۔