اسلام آباد:
وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ سیاسی تعلقات معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ پی ٹی آئی کا غیرشائستہ رویہ ہے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے پی ٹی آئی کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت سے مذاکرات کے لیے ضد اور غیر مہذب رویے کو ترک کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف غیر جمہوری زبان استعمال کی جا رہی ہے اور اس نے کئی مواقع پر مذاکرات سے انکار کیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ سیاسی تعلقات معمول پر لانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پی ٹی آئی کا غیر شائستہ رویہ ہے۔
بھارتی پروپیگنڈے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی منفی مہم کے باوجود پاکستان نے ہر محاذ پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران اور سیزفائر کے بعد بھارتی قیادت کو خود اپنی قوم کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔