میں غلط تھا، جسٹن بیبر نے اہلیہ سے معافی مانگ لی

جسٹن بیبر نے سوشل میڈیا پر پیغام میں اہلیہ سے عام معافی مانگی


ویب ڈیسک May 21, 2025

امریکی گلوکار جسٹن بیبر نے اہلیہ ہیلی بیبر سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے عام معافی مانگ لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جسٹن بیبر نے اپنی اہلیہ ہیلی بیبر سے ایک پرانے اور تکلیف دہ تبصرے پر معذرت کی ہے۔

حال ہی میں ہیلی بیبر نے ووگ میگزین کے فرنٹ پیج پر جگہ حاصل کی، جس کے بعد جسٹن نے انسٹاگرام پر اہلیہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ماضی میں ایک جھگڑے کے دوران انہوں نے ہیلی سے کہا تھا کہ وہ کبھی ووگ کے فرنٹ پیج پر نہیں آئیں گی۔

جسٹن بیبر نے اعتراف کیا کہ یہ جملہ انہوں نے غصے اور ناراضی میں کہا تھا تاکہ بدلہ لیا جا سکے تاہم ان کا ارادہ اہلیہ کا دل دکھانے کا نہیں تھا۔

جسٹن نے مزید لکھا کہ وقت کے ساتھ انسان سیکھتا ہے کہ بدلہ لینے سے تعلقات میں بہتری نہیں آتی بلکہ فاصلے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ سے دل سے معافی مانگتے ہوئے کہا: ’بیبی، تمہیں پتہ ہے، لیکن پھر بھی معذرت کہ میں نے کہا تم ووگ پر نہیں آؤ گی، کیونکہ میں بالکل غلط تھا۔‘

تاہم یہ پوسٹ بعد میں جسٹن نے حذف کر دی اور صرف ایموجیز پر مشتمل نیا کیپشن دیا، جس پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ یاد رہے کہ ہیلی کا ووگ انٹرویو ان کے کیریئر کا اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں انہوں نے ذاتی چیلنجز اور ازدواجی زندگی سمیت پوسٹ پارٹم پر کھل کر بات کی۔

مقبول خبریں