اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام کی کامیابی اور فچ کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ اہم معاشی سنگ میل ہے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیجرڈی نے ملاقات کی اور اس دوران معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں اور کنٹری شراکت داری فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
احد چیمہ نے عالمی بینک کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین کے کرادر کی تعریف کی اور کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی اور فچ کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ اہم معاشی سنگ میل ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی بینک کی ایم ڈی آپریشنزایم ڈی اینا بیجرڈی نے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی پر حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
اینا بیجرڈی نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیر احد چیمہ کنٹری شراکت داری فریم ورک پر عمل درآمد کے لئے قابل تعریف کردار ادا کر رہے ہیں۔