ڈیجیٹل معیشت کا فروغ: فیلڈ مارشل اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او کی اہم ملاقات

بلال بن ثاقب نے PCC کی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق فیلڈ مارشل کو تفصیلات پیش کیں


ویب ڈیسک May 23, 2025

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بلال بن ثاقب کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوان نسل کو بلاک چین، کرپٹو کرنسی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کرپٹو کونسل  کے سی ای او بلال بن ثاقب کے ساتھ ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان کی معیشت کو جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مالیاتی نظام (Digital Finance) اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں مہارت دینے پر زوردیا گیا۔

بلال بن ثاقب نے PCC کی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق فیلڈ مارشل کو تفصیلات پیش کیں، جن میں ورلڈ لبرٹی فنانشل اور بائننس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کے وفد کے پاکستان دورے، بین الاقوامی تعاون اور کرپٹو کرنسی کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت شامل ہیں۔  

انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ اتھارٹی (PDAA) کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو کریپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے گی۔  اس اقدام کا مقصد 300 ارب ڈالر کی غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو منظم کرنا، اور بٹ کوائن مائننگ کے ذریعے منافع حاصل کرنا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ "ہم پاکستان کو بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس میں علاقائی لیڈر بنانا چاہتے ہیں۔"

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 5 کروڑ سے زائد کرپٹو صارفین ہیں، جن کا سالانہ ٹریڈنگ حجم 300 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔  دنیا بھر میں کرپٹو اپنانے والے ممالک میں پاکستان ٹاپ 5 ممالک میں شامل ہے۔  

بتایا گیا کہ ملک کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، جو ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہے جبکہ پاکستان فری لانسنگ میں دنیا کی تیسرا بڑی مارکیٹ ہے جہاں ہر سال 50,000 سے زائد آئی ٹی گریجویٹس پیدا ہورہے ہیں۔ 

بلال بن ثاقب  لاس ویگاس میں منعقد ہونے والی بٹ کوائن 2025 کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ امریکہ کے نائب صدر سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے  پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے مستقبل پر بات کریں گے۔  

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او نے کہا کہ "پاکستان کے نوجوان صرف مستقبل کے لیڈر نہیں، بلکہ آج کی تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ ہم انہیں عالمی سطح پر کامیاب ہونے کے لیے درکار وسائل فراہم کریں گے۔"

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں