میکسیکو کے شہر اواکساکا میں ایک بینک نے 96 سالہ معمر خاتون کو شناخت کی تصدیق کے لیے بستر سمیت بینک برانچ میں حاضر ہونے پر مجبور کیا جس پر بینک کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فیڈیلیا واسکیز نونو نامی خاتون جو مختلف بیماریوں کے باعث بستر سے اٹھنے سے قاصر تھیں، کو ایمبولینس کے ذریعے اسٹریچر پر بینک برانچ لایا گیا۔
ان کے بیٹے نے بتایا کہ انہوں نے بینک کو خاتون کی شناخت کی تصدیق کے لیے تمام ضروری دستاویزات، وکالت نامہ اور قانونی نمائندگی کے کاغذات جمع کروائے تھے لیکن بینک نے اصرار کیا کہ خاتون کو خود برانچ میں آنا ہوگا۔
یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب خاتون کی بایومیٹرک رجسٹریشن میں خرابی کے باعث ان کی پنشن کی ادائیگی چھ ماہ سے معطل تھی۔
اس واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں خاتون کو اسٹریچر پر بینک برانچ لاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ عوام نے بینک کے اس اقدام کو بے حس اور غیر انسانی قرار دیا۔ بہت سے صارفین نے سوال اٹھایا کہ بینک نے معمر اور بیمار خاتون کے لیے متبادل طریقے کیوں نہیں اپنائے۔
اس واقعے کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکام نے بینک کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بینک کی اس پالیسی کو معمر افراد کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور بینکنگ سسٹم میں معمر اور معذور افراد کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔