راولپنڈی:
سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کا جیل ٹرائل آج پھر مؤخر ہوگیا، عدالت نے تمام مقدمات کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کا اڈیالہ جیل ٹرائل مؤخر کر کے کچہری عدالت میں سماعت 31 مئی تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے موقع پر کچہری عدالت آنے والے ملزمان میں مقدمات کے چالان کی نقول تقسیم جاری رکھی گئی جب کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف کو ان 11 کیسز میں چالان کی نقول کی تقسیم آئندہ تاریخ کو ہوگی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ نے بتایا کے عمران خان نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 12 مقدمات ایک جیسے قرار دیتے ہوئے سب کو یکجا کرکے سماعت کی جو درخواست دائر کی ہے اس میں ان کے دلائل مکمل ہوگئے ہیں۔ آئندہ تاریخ پراسیکیوٹر کے دلائل کے بعد پہلے اس درخواست کا کورٹ فیصلہ کرے گی اور پھر ٹرائل شروع ہو گا۔