وزیر اعظم کی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10 جیتنے پر مبارکباد

اس ایونٹ کی کامیاب میزبانی پاکستان میں کھیلوں کے روشن مستقبل کی عکاس ہے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک May 26, 2025

وزیر اعظم پاکستان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں لاہور قلندرز کی سنسنی خیز کامیابی پر ٹیم، انتظامیہ اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے فائنل میں شاندار کھیل پیش کرنے پر لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور قلندرز نے ایک ہائی اسکورنگ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جس انداز میں ہدف حاصل کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 میں شامل تمام ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔

مزید پڑھیں: لاہور قلندرز پی ایس ایل 10 کی فاتح بن گئی

وزیر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور پی سی بی کی پوری انتظامیہ کو لیگ کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر خصوصی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کی کامیاب میزبانی پاکستان میں کھیلوں کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔

مزید برآں وزیر اعظم نے تمام کھلاڑیوں، بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، جن کی شرکت سے پی ایس ایل کا معیار مزید بلند ہوا اور ایونٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

مقبول خبریں