ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) نے اسرائیل کے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ حماس غزہ میں آنے والی امداد کو لوٹ رہی ہے۔
ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنڈی مک کین نے واضح الفاظ میں کہا کہ حماس کا امدادی سامان پر کوئی قبضہ نہیں بلکہ غزہ کے بھوکے عوام خود بھاگ کر امدادی ٹرکوں کی طرف لپکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب ورلڈ فوڈ پروگرام کا ٹرک کسی علاقے میں پہنچتا ہے تو لوگ بھوک اور فاقوں کے باعث اس پر ہجوم کر دیتے ہیں، اور اس کا حماس سے کوئی تعلق نہیں۔
سنڈی مک کین کا کہنا تھا: "یہ الزام بے بنیاد ہے، حقیقت یہ ہے کہ لوگ شدید فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ ہم صرف انسانیت کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔"
دوسری جانب، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے "فلسطین آزاد کرو" اور "غزہ میں قتل عام بند کرو" کے نعرے لگائے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔