عمران خان کو بتایا کوئی رہنما آپ کی رہائی کیلئے یہاں نہیں آتا، فواد چوہدری

سابق وزیر اعظم نے کچھ تحفظات کا اظہار کیا، انکی معلومات سے لگا انہیں مولانا سے متعلق غلط بریف کیا گیا، سابق وفاقی وزیر


ویب ڈیسک May 29, 2025

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے عمران خان کو بتایا یہاں ہر بندہ کسی کام یا کوئی ذمہ داری لینے کیلئے آتا ہے، یہاں کوئی بانی کی رہائی کیلئے نہیں آتا ہے۔

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پنجاب میں کمیٹی کو تبدیل کرکے عالیہ حمزہ کو اس میں ڈالا ہے، بانی کو بتایا ہے جب تک ہم بڑی پالیٹکس سیٹل نہیں ہوگی کمیٹیاں بنانے سے کچھ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی کو بتایا ہے جب تک بڑا الائنس نہیں بنتا حکومت پر دباو نہیں بڑھ سکتا، بانی نے کچھ تحفظات کا اظہار کیا ہے، بانی کی معلومات سے لگا انہیں مولانا سے متعلق غلط بریف کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر الائنس نہیں بنا سکتی کیسے دباو بن سکتا ہے، بانی کو بتایا یہاں ہر بندہ کسی کام یا کوئی ذمہ داری لینے کیلئے آتا ہے، یہاں کوئی بانی کی رہائی کیلئے نہیں آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میںڈیا پر کردار کشی میں اب ساری پارٹیاں شامل ہیں، مسئلہ یہ ہے پی ٹی آئی اس وقت اکیلے نظر آرہی ہے، بانی کا مؤقف ہے وہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

میں نے بانی کو بتایا پہلے اپوزیشن کو اعتماد میں لینا ہوگا، پی ٹی آئی اس وقت اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں