مقبوضہ بیت المقدس : اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنی جارحانہ پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے 22 نئی غیر قانونی یہودی بستیوں کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ اقدام اسرائیل کی اسٹریٹجک حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد مغربی کنارے میں اسرائیلی کنٹرول کو مزید مضبوط بنانا اور فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنا ہے۔
وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ، جو خود بھی ایک غیر قانونی بستی میں رہائش پذیر ہیں، نے اسے "تاریخی فیصلہ" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل اسرائیل اور اردن کی سرحد پر یہودی موجودگی کو تقویت دے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جماعت لیکود پارٹی نے بھی اس اقدام کو اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ اسرائیلی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اب تک 100 سے زائد غیر قانونی یہودی بستیاں مغربی کنارے میں تعمیر کر چکا ہے، جہاں 5 لاکھ کے قریب یہودی آباد ہیں۔ ان بستیوں میں چھوٹے آؤٹ پوسٹس سے لے کر جدید سہولیات سے آراستہ آبادیاں شامل ہیں۔
ادھر 30 لاکھ سے زائد فلسطینی مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی قبضے کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کو صرف چند علاقوں میں محدود اختیارات حاصل ہیں۔
فلسطینی عوام مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ کو اپنی مستقبل کی آزاد ریاست کا حصہ سمجھتے ہیں، اور اسرائیلی اقدامات کو اس خواب کی راہ میں رکاوٹ تصور کرتے ہیں۔