ماسکو: روسی حکام کے مطابق، یوکرین سے متصل علاقوں میں دو پل دھماکوں کے نتیجے میں گر گئے جس کے باعث ایک مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی اور کم از کم سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واقعے کو دہشت گردی کا عمل قرار دیا جا رہا ہے۔
بریانسک ریجن میں ہفتہ کی رات ہونے والے ایک دھماکے سے سڑک کا پل ریل کی پٹڑی پر گر گیا، جس سے ماسکو جانے والی ٹرین کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔ 71 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 44 افراد اسپتال میں داخل ہیں۔
دوسری جانب، کرسک ریجن میں بھی اتوار کی صبح ایک مال بردار ٹرین کے نیچے سے پل دھماکے سے تباہ ہو گیا، جس سے ٹرین کے ڈرائیور کو شدید چوٹیں آئیں اور عملے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
روسی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اسے "غیر قانونی مداخلت" اور "دہشت گردی کا واقعہ" قرار دیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو تمام صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں جائے وقوعہ پر چیخ و پکار اور امدادی کارکنوں کو تباہ شدہ ٹرین پر کام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں ایک خاتون کی آواز سنی جا سکتی ہے جو چیختے ہوئے کہتی ہے: "پُل کیسے گر گیا؟ وہاں بچے بھی ہیں!"
واقعے کے بعد روسی ریلوے نے مرمت کے لیے خصوصی ٹرینیں روانہ کر دی ہیں۔ ادھر استنبول میں روس-یوکرین حکام کی ممکنہ ملاقات سے ایک دن قبل یہ دھماکے کسی بڑی پیش رفت کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیے جا رہے ہیں۔