ضمنی انتخابات میں کامیابی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا پیپلز پارٹی پر طنز

پولنگ والے دن ووٹر کی چہل پہل سے واضح جو چکا تھا کہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری ہے، سابق وفاقی وزیر


ویب ڈیسک June 02, 2025

سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حکمران اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی پر طنز کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ سمبڑیال ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا کردار بیگانی شادی میں عبداللّٰہ  دیوانہ جیسا تھا، میں  نے سمبڑیال الیکشن کے آخری دن مرکزی انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عین اسی وقت پی ٹی آئی کا جلسہ عام بھی جاری تھا، میں نے پی ٹی آئی کا جلسہ گزرتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا مسلم لیک ن کا جلسہ پی ٹی آئی کے جلسے سے کافی بڑا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے دیکھا کہ سیالکوٹ موٹرے وے پر پی  ٹی آئی کے کارکنان کو بڑی تعداد میں ملحقہ علاقوں سے جلسہ میں شرکت کیلئے سمبڑیال لایا جارہا تھا ، کہیں کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔

سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن کی دوپہر ہی کو ووٹر کی چہل پہل سے واضح جو چکا تھا کہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری ہے، ساری الیکشن مہم کے دوران سرکاری وسائل کے استعمال پکڑ دھکڑ یا دباؤ کی کوئ فوٹیج ، کوئی واقعہ پی ٹی آئ نے رپورٹ کیوں نہیں کیا؟

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کیمرہ والا موبائیل فون اب ہر ہاتھ میں ہے، اگر PTI کے پولنگ ایجنٹس کو باہر  نکالا گیا ہے یا کوئی پولیس گردی ہوئی ہے تو اس کے فوٹیج  کہاں ہیں ؟ یہ نشست مسلم لیگ (ن) نے چوتھی بار مسلسل جیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی موڈ  چند روز پہلے ہی واضح ہو چکا تھا، جیت ہو یا ہار، باوقار انداز میں قبول کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں