نالائق عہدیداروں کا ذمے دار کون؟

تحریک انصاف میں مطلق العنان ایک شخص کی حکومت ہے۔ وہ بانی پی ٹی آئی خود ہیں


مزمل سہروردی June 03, 2025
[email protected]

بانی تحریک انصاف کا ایک ٹوئٹ آیا ہے، انھوں نے کہا ہے کہ پارٹی کے تمام عہدیداروں کو پیغام ہے کہ جس میں دباؤ برداشت کرنے کی قوت نہیں ہے، وہ عہدے سے الگ ہو جائے۔ لہٰذا کم حوصلہ عہدیداران براہ مہربانی خود ہی پیچھے ہٹ جائیں تا کہ ان کی جگہ ہم دلیر اور نظریاتی ورکرز کو آگے لائیں جو قانون اور آئین کی بالا دستی اور حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہو سکیں۔

مجھے یہ ٹوئٹ سمجھ نہیں آیا۔ کیونکہ تحریک انصاف میں مطلق العنان ایک شخص کی حکومت ہے۔ وہ بانی پی ٹی آئی خود ہیں۔ جماعت میں کوئی نظام نہیں۔ فیصلہ سازی کے لیے کوئی فورم نہیں۔ عہدیداروں کو نامزد یا منتخب کرنے کا کوئی طریقہ نہیں۔ فرد واحد کے آگے سب سر تسلیم خم ہیں۔

وہ دن کو رات کہے تو رات ہے رات کو دن کہے تو دن ہے۔ نہ کوئی سوال ہو سکتا ہے، نہ کوئی جواب ہو سکتا ہے، ان کا حکم آخری حکم ہے۔ وہی عہدے تقسیم کرتے ہیں، وہی نامزدگیاں کرتے ہیں، وہی چاہیں تو اپنی جماعت میں کسی کو فرش سے عرش پر بٹھا دیں، چاہیں تو کسی کو عرش سے فرش پر بٹھا دیں۔  دوست سوال کریں گے کہ باقی سیاسی جماعتوں میں بھی یہی ہے تو اس وقت میں باقی سیاسی جماعتوں کی بات نہیں کر رہابلکہ تحریک انصاف کی بات کر رہا ہوں جو تبدیلی کے نام پر آئی تھی۔

تحریک انصاف میں تمام عہدے بانی تحریک انصاف نے کو د تقسیم کیے ہوئے ہیںاور سب کو خود نامزد کیا ہے، یہ سب ان کی ذاتی چوائس ہیں۔ اس لیے ان کے اچھے اور برے ہونے کے ذمے دار بھی بانی تحریک انصاف ہی ہیں۔ہمیں تو بتایا ہی یہ گیا تھا کہ کپتان کو ٹیم بنانی آتی ہے، وہ سفارش کو نہیں مانتا۔ وہ کمزور ٹیم کے ساتھ بھی میچ جیت لیتا ہے۔

اب کیاہوا ہے؟ کیا یہ ٹوئٹ ہمیں بتا رہا ہے کہ کپتان نے بری ٹیم بنائی ہے، سلیکشن میں غلطی ہوگئی ہے، نکمے کھلاڑی چن لیے ہیں۔ پھر سوال یہ ہے کہ کپتان گلہ کس سے کر رہا ہے؟اس ٹوئٹ کا مقصد کیا ہے؟ کیونکہ ان عہدیداروں کولگانے اور ہٹانے کا اختیار بھی صرف اور صرف کپتان کے پاس ہے۔ اس ٹوئٹ میں مجھے یہ بات بھی مضحکہ خیز لگی کہ ہم ان کی جگہ دلیر اور نظریاتی ورکرز کو آگے لائیں گے۔ سوال یہ ہے کہ آپ ابھی تک دلیر اور نظریاتی ورکر کو آگے کیوں نہیں لائے؟ انھیںکیوں نظر انداز کیا ہوا ہے۔ کیوں نالائق لوگوں کو عہدے دیے گئے؟ اس کے ذمے دار بھی کپتان خود ہیں۔

اب یہ بھی عجیب بات ہے کہ کپتان چاہتے ہیں کہ ان کے عہدیدار خود ہی خود کو کم حوصلہ قرار دیں اور عہدے سے الگ ہو جائیں۔ کون خود کو کم حوصلہ کہے گا، ہر ایک کے پاس کم یا زیادہ اپنی قربانیوں کی ایک داستان موجود ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ کپتان کے معیار سے کم ہے۔

لیکن اس بیچارے نے تو اپنی استطاعت کے مطابق قربانی دی ہے۔ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ یہ صرف ایک وارننگ ہے۔ سب تیار ہو جاؤ ورنہ بدل دوں گا۔ حالانکہ بدلنے کی بھی کوئی خاص آپشن موجود نہیں۔ وہی لوگ ہیں تحریک انصاف میں کوئی نئے تو آ سکتے نہیں۔ پہلے حسن روف کو ہٹا کر شیخ وقاص اکرم کو لگایا گیا۔ اب انھیں ہٹا کر واپس رؤف حسن کو لگانے کی بات ہو رہی ہے۔ اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ کپتان کے پاس کوئی وسیع آپشن موجود ہیں۔

اس ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب میں جیل سے بطور پارٹی سربراہ خود احتجاج کی قیادت کروں گا۔ یہ بھی عجیب بات ہے پہلے بھی وہ خود ہی قیادت کر رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی جماعت میں کبھی کسی کو اتنا با اختیار بنایا ہی نہیں کہ وہ قیادت کر سکے۔وہ ڈھونڈ کر ڈمی عہدیدار نامزد کرتے ہیں، کمزور لوگوں کو عہدے دیتے ہیں۔ اس لیے سمجھ نہیں آرہی کہ گلہ کس سے کر رہے ہیں۔ وہ جیل سے کیسے قیادت کر سکتے ہیں۔

تحریک شروع کریں گے تو ملاقاتیں بند ہو جائیں گی۔ پھر کسی کو کچھ پتہ نہیں ہوگا کہ کیا کرنا ہے۔ پہلے بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ پھر بھی ایسا ہی ہوگا۔ حکومت اور اسٹبلشمنٹ کو سمجھ آگئی ہے کہ اگر تحریک انصاف کو بند گلی میں بندکرنا ہے تو ملاقاتیں بند کردیں۔ کسی کے پاس کوئی اختیار نہیں۔ ساری سیاست بند ہو جاتی ہے۔ کسی کو کچھ سمجھ نہیں آتی۔ اگر کوئی فیصلہ کر بھی لے تو اسے غدار کہہ دیا جاتا ہے کہ اس نے کپتان سے پوچھے بغیر فیصلہ کیا ہے۔ اس لیے آج تک تحریک انصاف کی ناکامیوں کی ایک بڑی وجہ یہی ہے کہ کپتان سب کچھ جیل سے کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔ اور یہ ممکن نہیں۔

مجھے لگتا ہے کہ کپتان جیل میں ڈپریشن میں ہے، مجھے ان کے حالیہ ٹوئٹ سے ناامیدی نظر آرہی ہے۔ وہ اپنے ساتھیوں سے ناامید ہیں، وہ بار بار تحریک چلانے کی کوشش کر چکے ہیں مگر ناکام ہوئے ہیں۔ اب پھر کوشش کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن کوئی گیم پلان سمجھ نہیں آرہا۔

مقبول خبریں