آبی اور فوجی جارحیت پر عالمی برادری بھارت کا محاسبہ کرے، بلاول بھٹو

عالمی برادری بامعنی مذاکرات کی حمایت کرے اور بین الاقوامی وعدوں اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک June 09, 2025
فوٹو فائل

پاکستانی سفارتی مشن اور پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے عالمی برادری سے بھارت کے محاسبے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے پارلیمانی وفد کی لندن میں قائم چیٹھم ہاوٴس آمد ہوئی جہاں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفد کی برطانوی تھنک ٹینک اور پالیسی سازوں سے اہم ملاقات کی۔

واضح رہے کہ چیٹھم ہاؤس برطانیہ کا معروف تھنک ٹینک ہے، جو خارجہ اور سیکیورٹی پالیسی کے مسائل پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اور دیگر ارکان نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا جبکہ وفد نے بھارت کی بلا اشتعال فوجی جارحیت اور آبی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کیا۔

اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال فوجی جارحیت علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے، بھارت کے اقدامات پاکستان کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کومعطل کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پانی کو ہتھیار بنانا بین الاقوامی اصولوں کو مجروح اور ایک خطرناک مثال قائم کرتا ہے، عالمی برادری تشویشناک پیش رفت کا نوٹس لے اور بھارت کے اقدامات کا محاسبہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیرکا تنازع خطے کے پائیدار امن اور استحکام میں بنیادی رکاوٹ ہے، عالمی برادری بامعنی مذاکرات کی حمایت کرے اور بین الاقوامی وعدوں اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔

وفد میں مصدق ملک، شیری رحمان، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر،فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ،جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ شریک تھے جبکہ گول میز کانفرنس کے دوران برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود رہے۔

مقبول خبریں