"نیتن یاہو خطے کو آگ میں جھونکنا چاہتا ہے"، ترک صدر اردوان کی ایران سے اظہار یکجہتی

ترک صدر نے ایران کے جوہری مسئلے کے سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ بھی کیا


ویب ڈیسک June 15, 2025

ایرانی صدر مسعود پژشکیان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں اردوان نے اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایران سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ایرنا (IRNA) کے مطابق، صدر پژشکیان نے کہا کہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھائیں اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کوئی قدر نہیں کرتا۔ اسرائیل نے عام شہریوں، سائنسدانوں، سرکاری حکام اور فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

انہوں نے ترک صدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

ادھر صدر اردوان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو خطے کے لیے انتہائی خطرناک اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترک صدر نے ایران کے جوہری مسئلے کے سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

 

مقبول خبریں