صہیونیوں پر قومی انتقام کا ابھی صرف آغازہوا ہے، پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب نے سربراہ سمیت اپنے ایرواسپیس فورس کے 7 کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کردی


ویب ڈیسک June 15, 2025
فوٹو: تسنیم

TEHRAN:

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے خلاف ایران کے قومی انتقام کا عمل ابھی شروع ہوا ہے اور اسرائیل کو اس کے جرائم کی قیمت چکانی پڑے گی۔

ایرانی سرکاری خبرایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ جمعے کو پاسداران کے سربراہ میجر جنرل امیرعلی حاجی زادہ کے ہمراہ پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس فورس کے سینئر 7 کمانڈرز شہید ہوگئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ محمود باقری، داود شیخیان، محمد باقر طاہرپور، میسور سفرپور، مسعود طیب، خسرو حسینی اور جاویدجسارا بھی اسرائیل کے بزدلانہ اور دہشت گردی کے حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔

ایران کے جوابی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ یہ صرف قومی انتقام کا صرف آغاز ہے، صہیونی حکومت ذہن نشین کرلے کہ سزاؤں کے بغیر جرائم کا دور ختم ہوچکا ہے۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ جعلی اور قابض صہیونی حکومت کی بربادی اور زوال نوشتہ دیوار ہے۔

بیان میں زور دیا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب ایرو اسپیس فورس کے کمانڈرز کی شہادت صہیونی حکومت اور اس کے حواریوں کے خلاف ایرانی قوم کو عزم کے ساتھ کھڑے ہونے کا باعث ہوگی۔

مقبول خبریں