آئرلینڈ کے فاسٹ بولر لیام میک کارتھی نے ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

یہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے بولر کی جانب سے سب سے مہنگا اسپیل ہے


ویب ڈیسک June 16, 2025

بریڈی: آئرلینڈ کے فاسٹ بولر لیام میک کارتھی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

بریڈی کرکٹ کلب (شمالی آئرلینڈ) میں کھیلے گئے میچ کے دوران میک کارتھی نے چار اوورز میں 81 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے، جو ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ کا دوسرا مہنگا ترین اسپیل ہے۔

یہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے بولر کی جانب سے سب سے مہنگا اسپیل قرار پایا۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 256 رنز بنائے، جو اُن کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرا بڑا اسکور ہے۔

میک کارتھی کے خلاف 11 چوکے اور 5 چھکے لگائے گئے جبکہ آخری اوور میں اُنہیں 24 رنز کا سامنا کرنا پڑا۔

اُن کا آغاز بھی مایوس کن رہا، جب پہلے اوور میں شیمرون ہیٹمائر اور ڈیبیو کرنے والے کیسی کارٹی نے 18 رنز بٹورے۔

اگرچہ دوسرے اوور میں وہ کچھ بہتر بولنگ کرتے ہوئے صرف 6 رنز دے سکے، لیکن آخری دو اوورز میں کارٹی اور روماریو شیفرڈ نے اُن پر خوب ہاتھ صاف کیا، اور محض 12 گیندوں پر دو چوکے اور پانچ چھکے لگا دیے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ گیمبیا کے موسیٰ جوبارٹے کے پاس ہے، جنہوں نے 2024 میں زمبابوے کے خلاف 93 رنز دیے تھے۔

میک کارتھی سے پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے کسن راجیتھا کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف 75 رنز دیے تھے۔

مقبول خبریں