ایران کا اسرائیل پر سائبر حملہ، شہریوں کو ایندھن ذخیرہ کرنے اور پناہ گاہوں میں جانے کے پیغامات موصول

اسرائیلی حکام نے فوری طور پر اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایران کا  ڈیجیٹل حملہ ہے


ویب ڈیسک June 17, 2025

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید کشیدگی میں ایک نیا محاذ کھل گیا ہے جب ایران کی جانب سے اسرائیل پر سائبر حملہ کیا گیا جس میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز کو نشانہ بنایا گیا۔

 اسرائیلی میڈیا کے مطابق شہریوں کو ایسے پیغامات موصول ہوئے جن میں انہیں پناہ گاہوں میں جانے اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

اسرائیلی حکام نے فوری طور پر اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایران کا  ڈیجیٹل حملہ ہے اور شہری ان پیغامات پر توجہ نہ دیں۔

یہ سائبر حملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اسرائیل پر ایک اور بڑا میزائل اور ڈرون حملہ کیا جس کا نشانہ تل ابیب اور حیفہ بنے۔ اس حملے کے نتیجے میں حیفہ آئل ریفائنری مکمل طور پر بند ہو گئی جبکہ کم از کم تین ملازمین ہلاک ہوئے۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق جمعے سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 24 اسرائیلی ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ ملک کے مختلف حصوں میں بنیادی تنصیبات شدید متاثر ہوئی ہیں۔

یہ پڑھیں:ایران کا اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز سے تباہ کن حملہ، حیفہ ریفائنری بند، 3 ملازمین ہلاک

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا سائبر حملہ ایک نیا اسٹریٹجک رخ ہے جس سے اسرائیل کے داخلی نظام اور عوامی اعتماد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی حکام نے تمام اہم اداروں کو الرٹ کر دیا ہے اور ممکنہ مزید سائبر حملوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

 

مقبول خبریں