26 نومبر احتجاج کیس میں اسٹیٹ کونسل مقرر کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور

رؤف حسن اور احمد جنجوعہ کیخلاف مبینہ بارودی مواد کیس میں فرد جرم کی تاریخ مقرر


ویب ڈیسک June 17, 2025

اسلام آباد:

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں اسٹیٹ کونسل مقرر کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 976 میں اسٹیٹ کونسل مقرر کرنے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور کرلی۔

عدالت نے ٹرائل کورٹ کا اسٹیٹ کونسل کی تقرری کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیاء نے پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اسٹیٹ کونسل کی تقرری کیخلاف اپیل دائر کی گئی تھی، جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے ملزمان کے وکلاء کی عدم حاضری پر اسٹیٹ کونسل مقرر کیا تھا۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ احمد جنجوعہ کیخلاف مبینہ بارودی مواد برآمد ہونے کے کیس میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے کیس کی سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی، اگلی سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے۔

مقبول خبریں