روس کا سخت ردعمل: اسرائیلی حملے دنیا کو ایٹمی تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں

ماسکو نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر ان جوہری تنصیبات پر حملے بند کرے


ویب ڈیسک June 18, 2025

روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیرقانونی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ حملے دنیا کو ایک ایٹمی تباہی کے دہانے پر لے جا سکتے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ہمیشہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کی پاسداری کی ہے، اور تہران کے جوہری پروگرام کا واحد حل سفارتکاری ہے، نہ کہ فوجی حملے۔

ماسکو نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر ان جوہری تنصیبات پر حملے بند کرے جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں ہیں۔

بیان میں اسرائیلی کارروائیوں کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ ان حملوں کے اثرات صرف ایران یا اسرائیل تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔

روس نے مغربی ممالک پر بھی الزام لگایا ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے اصولوں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو بین الاقوامی امن کے لیے خطرناک رجحان ہے۔

 

مقبول خبریں