عطاآباد جھیل میں سیوریج کا پانی، غیرملکی سیاح کی وائرل ویڈیو پر ہوٹل سیل

متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر نے 30 کمروں پر مشتمل ہوٹل کا ایک حصہ سیل کرتے ہوئے پندرہ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا


ویب ڈیسک June 18, 2025

گلگت بلتستان کے سیاحتی علاقے وادئ ہنزہ میں واقع عطا آباد جھیل میں ہوٹل کی نکاسی کا پانی چھوڑنے کی غیر ملکی سیاح کی شکایت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر ہوٹل پر 15 لاکھ روپے جرمانہ ہوا اور ایک حصہ سیل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز سے پاکستان کے شمالی خطے گلگت بلتستان اور عطا آباد جھیل سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے اور اس کی وجہ ایک غیر ملکی وی لاگر کی ایک ویڈیو ہے۔

اس ویڈیو میں غیر ملکی وی لاگر نے گلگت بلتستان کی وادی ہنرہ میں عطا آباد جھیل کے کنارے قائم ہوٹل پر الزام لگایا کہ وہاں سے مبینہ طور پر سیوریج کا پانی نکل کر جھیل میں جا رہا ہے.

متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے 30 کمروں پر مشتمل ہوٹل کے ایک حصے کو سیل کیا اور پندرہ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے اس حصے سے ’عطا آباد جھیل میں آلودگی پھیلائی جا رہی تھی، تاہم ہوٹل انتظامیہ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

ویڈیو میں غیر ملکی وی لاگر کی جانب سے جس ہوٹل پر عطا آباد جھیل میں مبینہ طور پر سیوریج کا پانی چھوڑنے کا الزام عائد کیا جب کہ ہوٹل انتظامیہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں بے بنیاد قرار دیا۔

ہوٹل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ وائرل ویڈیو میں جو دکھایا گیا ہے کہ پانی آلودہ یا گدلا ہو رہا ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اصل میں حقیقت یہ ہے کہ اُس مقام پر ایک برساتی نالے کا پانی آکر ملتا ہے جس وجہ سے اس کا رنگ گدلا نظر آتا ہے اور یہ قدرتی امر ہے۔

مقبول خبریں