بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے پاکستانی قونصلر خانے اور سفارتی مشنز متحرک ہیں جب کہ بیرونِ ملک جیلوں میں قید ساڑھے 18 ہزار پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی ہوئی ہے۔
بیرونی ملک سفارتی مشنز کی قانونی امداد کے تحت پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی تفصیلات ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئیں۔
دستاویز کے مطابق مسقط سے 5 ہزار 4 سو 35، ملائیشیا سے چھ ہزار پاکستانی قیدیوں کی رہائی ممکن ہوئی، ترابلس سے 935، نیویارک سے 110، سعودی عرب سے 1ہزار 5 سو 63 پاکستانی قیدیوں کو رہائی دلائی گئی، سری لنکا سے 56، قازقستان سے 245، روم سے 20 پاکستانیوں کو رہا کروایا گیا۔
دستاویز میں کہا گیا کہ بغداد سے 3 ہزار 570، گریس سے 530، فلپائن سے 20 پاکستانیوں کو رہائی ملی، برطانیہ، چائنہ سے چھ چھ جبکہ بنکاک سے 16 پاکستانیوں کو رہائی ملی۔
دریں اثنا گزشتہ پانچ سال کے اعدادو شمار کے مطابق سعودی عرب سے 8 ہزار 559، مالدیپ سے 48، ایران سے 46 پاکستانیوں کو رہا کرایا گیا، قطر سے 253 قیدیوں کی رہائی کیلئے 63 لاکھ سعودی ریال ادا کیے گئے۔