شہادت کی افواہیں مسترد، خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی منظر عام پر آ گئے

13 جون کو اسرائیل کے ایک حملے میں شمخانی شدید زخمی ہو گئے تھے


ویب ڈیسک June 20, 2025

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر ایڈمرل علی شمخانی نے اپنی شہادت سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندہ ہیں اور ملک و ملت کی خاطر جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے بعد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ایران کے سرکاری نیوز چینل پریس ٹی وی کے مطابق، علی شمخانی نے آیت اللہ خامنہ ای کو ایک جذباتی پیغام میں کہا: "صبح فتح قریب ہے، ایران کا نام ہمیشہ تاریخ میں روشن رہے گا، اور شہداء کی مسکراہٹیں ہمارے مستقبل کا عکس ہوں گی۔"

یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کے ایک حملے میں شمخانی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ان کی حالت تشویش ناک تھی، اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں جان بچانے والی طبی امداد فراہم کی گئی۔

اس حملے کے بعد افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ شہید ہو چکے ہیں، تاہم اب ان کے پیغام اور صحتیابی نے ان افواہوں کو ختم کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس حملے میں ایران کے کئی اعلیٰ کمانڈرز شہید ہوئے، جن میں چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ شامل تھے۔

ایران نے اس کے بعد جوابی کارروائی ’وعدہ صادق سوم‘ کے تحت اسرائیل کے فوجی اور انٹیلی جنس مراکز کو نشانہ بنایا، اور اب تک 15 مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔

 

مقبول خبریں