ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں آسٹریلیا کے دو اہم بلے باز ٹیم سے باہر

دونوں کھلاڑیوں کی جگہ سیم کونسٹاس اور جوش انگلس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے


ویب ڈیسک June 21, 2025

آسٹریلوی بلے باز مارنس لبوشین کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا جبکہ اسٹیون اسمتھ انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

کرک انفو کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی جگہ سیم کونسٹاس اور جوش انگلس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

25 جون کو بارباڈوس میں شروع ہونے والے ٹیسٹ سے پانچ روز قبل آسٹریلیا کی جانب سے ان تبدیلیوں کی تصدیق سے معلوم ہوتا ہے کہ کینگروز جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کھلائی جانے والی بیٹنگ لائن سے کافی مختلف بیٹنگ کے ساتھ اتریں گے۔

سیم کونسٹاس بھارت کے خلاف سیریز میں آخری دو ٹیسٹ میچز کے بعد تیسری بار ایکشن میں دِکھائی دیں گے۔ انہوں نے میلبرن میں ڈیبیو کرتے ہوئے 65 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ جبکہ جوش انگلس نے رواں برس کے شروع میں سری لنکا کے خلاف گال میں ڈیبیو پر سینچری جڑی تھی۔

واضح رہے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں مارنس لبوشین کو بطور اوپنر کھلایا گیا تھا۔ انہوں نے دونوں اننگز میں 17 اور 22 رنز کی باریاں کھیل کر دو سال پر محیط خراب پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھا۔

مقبول خبریں