ایرانی حملہ: مشکل گھڑی میں قطر کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم کا قطری اور سعودی سفیر سے رابطہ، اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی


ویب ڈیسک June 24, 2025
فوٹو فائل

قطر پر ایرانی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے قطری اور سعودی عرب کے سفرا سے ہنگامی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے رات گئے قطری سفیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سفیر علی مبارک سے حملے کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کی۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے اس مشکل گھڑی میں قطر کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔

قطری سفیر نے اس افسوسناک واقعے کے فوراً بعد وزیراعظم کی جانب سے رابطہ کرنے اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے بھی ہنگامی رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا جس پر سعودی سفیر نے خطے کے امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف اور مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے خطے میں امن کیلئے پاکستان، سعودی عرب اور قطر کے قریبی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مقبول خبریں