سوڈان: ہسپتال پر فضائی حملہ، 40 سے زائد افراد جاں بحق، ڈبلیو ایچ او کی شدید مذمت

عالمی ادارہ صحت (WHO) نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحت کے مراکز پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے


ویب ڈیسک June 25, 2025

سوڈان کے مغربی کردوفان کے شہر المجلد میں ایک ہسپتال پر ہونے والے خطرناک حملے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں بچے اور طبی عملے کے افراد بھی شامل ہیں۔ 

عالمی ادارہ صحت (WHO) نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحت کے مراکز پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ہسپتال کا مقام ان علاقوں میں شامل تھا جو سوڈانی فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے درمیان جاری خانہ جنگی میں فرنٹ لائن سمجھے جاتے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق، حملے میں ہسپتال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، 6 بچے اور 5 طبی کارکن بھی جان کی بازی ہار گئے۔ انسانی حقوق تنظیم ’ایمرجنسی لائرز‘ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک فوجی ڈرون کے ذریعے کیا گیا، تاہم اب تک حملہ آور کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

دوسری طرف، سوڈانی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ کینیا اور متحدہ عرب امارات RSF کو ہتھیار فراہم کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ کینیا سے لایا گیا اسلحہ خرطوم میں RSF کے اسلحہ ڈپو سے برآمد ہوا ہے۔

سوڈانی فوج کے سربراہ عبدالفتح البرہان اور RSF کے کمانڈر محمد حمدان دگلو کے درمیان اپریل 2023 سے جاری جنگ میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور 1 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے بھی بیرونی مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 

مقبول خبریں