اسلام آباد:
اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کی رائلٹی فیس کے تنازع کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا، جس سے خطے میں سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کی راہ ہموار ہوگئی۔
اس پیشرفت سے نہ صرف مقامی ہوٹل مالکان، گائیڈز، پورٹرز اور ٹرانسپورٹرز کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ بین الاقوامی کوہ پیماؤں کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رائلٹی فیس کے مسئلے کے باعث کچھ عرصے سے سیاحتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں، تاہم مختلف اسٹیک ہولڈرز کی بروقت مشاورت اور شمولیت کے ذریعے اس چیلنج کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی پاکستان میں سرمایہ کاری اور سیاحت کو آسان، پائیدار اور سازگار ماحول میں فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
کوہ پیمائی کے شعبے میں حالیہ پیشرفت اسی تسلسل کا حصہ ہے، جو نہ صرف سیاحتی شعبے کو تقویت دے گی بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔