آئی 9 کیس: عدم پیشی پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ معطل نہ کیے جا سکے

علی امین گنڈا پور کو انسداددہشت گردی عدالت نے آئی 9 کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دیا تھا


ویب ڈیسک July 02, 2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور آج بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے وارنٹ بھی معطل نہیں کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو انسداددہشت گردی عدالت نے آئی 9 کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دیا تھا، علی امین گنڈا پور کو عدم پیشیوں پر اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں علی امین گنڈا پور پیش ہوں گے، فیصل جاوید خان، واثق قیوم ودیگر کیخلاف متعلقہ مقدمہ کا ٹرائل شروع ہے۔

اکیس اکتوبر 2022 کو احتجاج کے مقدمے میں  وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے وارنٹ معطلی کی درخواست دائر کر دی،  درخواست انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں دائر کی گئی۔

وکیل نے کہا کہ تمام کیسز میں ریلیف حاصل کرنے کے لئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، پشاور ہائی کورٹ نے تمام کیسز میں پولیس کو گرفتاری سے روک رکھا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ پشاور ہائیکورٹ سے رٹ پیٹیشن کے فیصلہ تک وارنٹ گرفتاری معطل کیا جائیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے درخواست پر سماعت کی اور وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواست پر  علی امین گنڈاپور کے پیش ہونے تک وقفہ کردیا۔

وکیل راجہ ظہور الحسن  نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت تک علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا  نے کہا کہ میں علی امین گنڈاپور کو گرفتار نہیں کروا رہا، آپ آئی جی کے پاس جائیں اور کہیں کہ عدالت کا حکم ہے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔پشاور ہائیکورٹ سے اس عدالت کو کوئی اطلاع نہیں آئی۔ 

عدالت  نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اس عدالت میں اشتہاری ہیں جس کی وجہ سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے،  جج طاہر عباس سپرا  نے کہا کہ عدالت نے کوئی نیا وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیا، آپ کے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے اس عدالت نے وارنٹ جاری کئے تھے، عدالت نے صرف وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا لکھا تھا۔

عدالت سے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ معطل نہ ہو سکے، کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

وکیل  نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور آج پیش نہیں ہو سکتے، میں دس جولائی کو ہر صورت پیش کر دونگا۔

جج نے کہا کہ ملزم کا 87 کے تحت اشتہار جاری ہوا ہو جب تک عدالت پیش نہیں ہوتا اشتہار کینسل نہیں ہو سکتا، ریلیف لینے کے لئے علی امین کو عدالت پیش ہونا پڑے گا، پشاور ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے میں نیا حکم نامہ کیسے جاری کرو۔

مقبول خبریں