سندھ کابینہ نے محکمہ پولیس میں مزید 10 ہزار بھرتیوں کی منظوری دیدی

کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کے ساتھ پولیس کو جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، اجلاس میں فیصلہ


ویب ڈیسک August 05, 2014
سندھ کی سرحد اور ریلوے اسٹیشنز پر قائم چیک پوسٹوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی نفری میں مزید اضافہ کیا جائے، سندھ کابینہ، فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں محکمہ پولیس میں مزید 10 ہزار بھرتیوں کی منظوری کے ساتھ صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن وامان اور بالخصوص کراچی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے صوبے میں امان و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے اور پولیس کو جدید سہولیات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظر سندھ کی سرحد اور ریلوے اسٹیشنز پر قائم چیک پوسٹوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی نفری میں مزید اضافہ کیا جائے اور حساس تنصیبات پر سکیورٹی میں اضافے اور انٹیلی جنس ورک کو بھی مزید متحرک کیا جائے۔

اجلاس میں شیر شاہ اور شہر کی حساس مارکیٹوں کی بھی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ صوبے اور بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سندھ پولیس میں مزید 10 ہزار بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی جس کےتحت نئے بھرتی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوج سے جدید تربیت دلوائی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی منانے کے لیے صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کی سربراہی میں 5 رکنی قائم بھی قائم کی جائے گی۔

مقبول خبریں