لاہور: مسلسل بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے جدید لائیو لوکیٹر ڈیوائسز کا استعمال کیا، ریسکیو


ویب ڈیسک July 16, 2025

لاہور میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے نتیجے میں دو مختلف مقامات پر کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو ملبے سے نکالا۔

پہلا حادثہ ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے مرید وال میں پیش آیا، جہاں مٹی اور لکڑی سے بنی ایک کچے مکان کی چھت بارش کے باعث کمزور ہو کر گر گئی۔

ریسکیو 1122 کو اطلاع ملنے پر ایمرجنسی وہیکلز اور اسپیشل اربن سرچ اینڈ ریسکیو اسکواڈ موقع پر پہنچا اور جدید لائیو لوکیٹرز کی مدد سے امدادی کارروائیاں کیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 60 سالہ مانگا، ان کی 55 سالہ اہلیہ عشرت، 35 سالہ بہو رانی، 3 سالہ پوتی خدیجہ اور 4 سالہ پوتی لطیفہ شامل ہیں۔

زخمیوں میں 30 سالہ فیصل ولد مانگا کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 5 سالہ بچی ببلی کو سر پر چوٹ لگنے کے باعث جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسرا افسوسناک واقعہ رائیونڈ روڈ کی مشن کالونی میں پیش آیا، جہاں ایک اور کچے مکان کی چھت گر گئی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

اس حادثے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک شخص کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی۔

مقبول خبریں