کراچی: مزاحمت پر دو افراد ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی

زخمیوں کی شناخت 37 سالہ فیضان الحق صدیقی اور 28 سالہ اویس احمد زبیری کے نام سے کی گئی


اسٹاف رپورٹر July 17, 2025
(فوٹو: فائل)

کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر دو  افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملیر وائرلیس گیٹ کے قریب کار شوروم میں فائرنگ سے ایک شخص ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لیجایا گیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او الفلاح راؤ عمیر نے بتایا کہ مضروب کی شناخت 37 سالہ فیضان الحق صدیقی کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ کار شوروم میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پیش آیا ہے جس میں دو ڈاکوؤں نے موبائل فون چھینا تھا اور مزاحمت پر فرش پر چلائی گئی گولی مضروب کی ٹانگ پر ٹخنے کے قریب لگی تھی۔

تاہم، پولیس شوروم میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کی شناخت میں مدد مل سکے۔

دریں اثنا، اورنگی ٹاؤن غوثیہ چوک سیکٹر 10 میں فائرنگ سے 28 سالہ اویس احمد زبیری زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔

مومن آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کےدوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں