راولپنڈی میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال ، وزیر اعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم نے چیف کمشنر راولپنڈی، ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کر لی


ویب ڈیسک July 17, 2025

راولپنڈی میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

جڑواں شہروں کے کچھ علاقوں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع  کے مطابق وزیراعظم نے چیف کمشنر راولپنڈی، ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم ملک بھر میں حالیہ شدید بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا ہنگامی دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کو ملک میں جاری بارشوں، سیلابی صورت حال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

این ڈی ایم اے حکام وزیراعظم کو حفاظتی اقدامات، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی سے متعلق آگاہ کریں گے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے سیٹلائٹ امیجز کی مدد سے آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے متعلق پیشگی معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم کا یہ دورہ بروقت اقدامات اور متاثرہ علاقوں میں موثر امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

 

مقبول خبریں