ملک بھر میں چینی کا بحران برقرار، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری

مارکیٹ زرائع نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کچھ روز کمی کے بعد ایک بار پھر سے اضافہ ہو گیا


ویب ڈیسک August 05, 2025

ملک بھر میں چینی کا بحران  برقرار ہے جب کہ صوبائی حکومتیں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔

حکومت سندھ نے چینی اور چاول کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جب کہ محکمہ بیورو آف سپلائی پرائسز نے کورنگی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 13 ہزارچینی و چاول کے تھیلے برآمد کرلیے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر میر شاہنواز  نے کہا کہ بیورو آف سپلائی اور اسسٹنٹ کمشنر کورنگی نے کارروائی کرکے غیر رجسٹرڈ گودام سے 4000 چینی اور9000 چاول کے تھیلے برآمد کرلیے۔

ڈی جی زاہد حسین شر  نے کہا کہ سیل کیا گیا گودام بیورو آف سپلائی کے پاس رجسٹرڈ نہیں تھا، صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی کےخلاف سندھ حکومت کی مؤثر کارروائی جاری ہے۔

چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف پنجاب میں کریک ڈاؤن جاری ہے، ترجمان پرائس کنٹرول نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 915 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، پنجاب بھر میں 79 افراد کو گرفتار کرکے 27 کیخلاف مقدمات درج کیے گئے اور  836 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے،

اب تک 27 ہزار 413 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 1820 افراد گرفتار 303 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں، لاہور ڈویژن میں 27 گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں، 05 افراد گرفتار ہوئے ،02 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

ادھر پشاورمیں چینی کی قمتیں بدستور کم نہ ہو سکیں، مارکیٹ میں چینی کی قیمت پرچون میں 200 روپے فی کلو فروخت ہوتی رہی، ہو سیل میں چینی 8900 روپے بوری فروخت کی جا رہی ہے۔

ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ بدستور برقرار ہے جب کہ ہول سیل پر چینی فی کلو 176روپے جبکہ پرچون ریٹ 187روپے مل رہی ہے۔

مارکیٹ زرائع نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کچھ روز کمی کے بعد ایک بار پھر سے اضافہ ہو گیا، شہر کے نواحی علاقوں میں دکاندار چینی فی کلو 190تک بھی فروخت کررہے ہیں۔

مقبول خبریں