راولپنڈی:گھر میں کھڑے ٹرک میں آگ لگنےکا معاملہ، پاکستان آئل فیلڈ کی لائن سے کروڈ آئل چوری کا انکشاف

 پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے


صالح مغل August 24, 2025

راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے رنیال میں دو روز قبل گھر کے اندر کھڑے  ٹرک میں لگنے والی آگ کا معاملہ  پاکستان آئیل فلیڈ لمیٹیڈ کی سپلائی لائن سے ٹمپرنگ کرکے کروڑوں روپے مالیت کے کروڈ آئل کی چوری نکلا  پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پاکستان آئل فیلڈ کی زیرِ زمین پائپ لائن میں ٹمپرنگ کرکے کروڈ آئل چوری کا انکشاف ہوا ہے۔

تحقیقات کے مطابق رنیال کے ایک مکان سے سرنگ کے ذریعے پائپ لائن میں نقب لگا کر کروڈ آئل چوری کیا جارہا تھا۔

گھر کے اندر دو بڑے ٹینکس بنائے گئے تھے جن میں آئل ذخیرہ کر کے ٹینکروں میں بھرا جاتا تھا۔

واقعہ اس وقت بے نقاب ہوا جب گھر کے گودام میں کھڑے ایک ڈمپر اور موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، مکان سے کروڈ آئل،  زیر میں بچھائی گیے ہائی پریشر پائپ اور دیگر آلات برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ شرافت علی، محمد بلال کے شناختی کارڈ، ایک پستول اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ پاکستان آئل فیلڈ کے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن شاہد احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کمپنی زمین سے آئیل نکال کر پائپ لائن کی زریعے اٹک آئیل ریفارنری کو سپلائی کرتی ہے پنڈی فتح سے لیکر مورگاہ تک کے نامعلوم مقام سے  مرکزی پائپ لائن میں ٹمپرنگ کرکے تیل چوری کیے جانے کی اطلاعات تھیں کہ حادثہ ہونے پر معاملہ سامنے آگیا۔

ملزمان میں مکان کے مالک شیر خان، اس کا بیٹا فضل شیر، شرافت علی، محمد بلال اور محمد واجد سمیت دیگر نامعلوم افراد بھی  شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان اب تک تقریباً( 12821) بارہ ہزار آٹھ سو اکیس بیرل، آئیل جس کی مالیت پچیس کروڑ سے زائد بنتی ہے  کا کروڈ آئل چوری کر چکے ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کا کہنا تھاکہ ملزمان کی گرفتاری کی لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

 

مقبول خبریں