کراچی:
شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب فقیرا گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے فقیرا گوٹھ کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
ڈی ایس پی اورنگ زیب خٹک کے مطابق علاقے میں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔
فائرنگ اور آپریشن کے دوران پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شہر قائد کے علاقے سائٹ سپرہائی پر واقع فقیرہ گوٹھ میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
فائرنگ میں دو راہگیر بھی مبینہ طور پہ معمولی زخمی ہوئے۔ واقعہ میں ملوث اشخاص کی ابتدائی معلومات ملی ہے جس کی شناخت و تصدیق کی جارہی ہے۔ واقعہ ابتدائی طور پر ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے جس کی تصدیق کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ابتدائی پولیس کاروائی پر مشتمل تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔