حکومت سندھ کی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پریکٹس ہو چکی، شرجیل میمن

گزشتہ سیلاب کے بعد صوبے میں 21 لاکھ گھر بنائے گئے ہیں جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، سینئر وزیرسندھ


ویب ڈیسک August 28, 2025

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پریکٹس ہو چکی ہے، گزشتہ سیلاب کے بعد صوبے میں 21 لاکھ گھر بنائے گئے ہیں جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال ہے، پنجاب میں سیلاب سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں، ہم پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب حکومت کو جو بھی مدد چاہیے، ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ پیپلز پارٹی کی ہمدردی ہے، وزیر اعلی سندھ نے جام خان شورو کو فیلڈ کے دورے پر بھیجا ہوا ہے، گڈو میں آؤٹ فلو تین لاکھ دو سو بتیس کیوسک ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کوٹری میں دو لاکھ چوالیس ہزار ان فلو ہے، سیلابی صورتحال کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کچے کے مکینوں کے لیے تمام ڈی سیز کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں، حکومت سندھ نے ٹینٹس سمیت تمام سہولیات کا بندوبست کرلیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ لوگ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ نے مانٹیرنگ سیل بھی قائم کیا ہے، سیلاب کے پیش نظر وزیر اعلی سندھ نے مختلف وزراء کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں، منتخب نمائندوں کو بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ سب اپنے اپنے حلقوں میں رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان پنجاب کے ساتھ کھڑا ہے، دو ہزار دس میں سندھ میں بڑی تباہی ہوئی تھی، تباہ کاریوں سے قائم علی شاہ کی سندھ حکومت نمٹی تھی، یو این کے سیکٹری جنرل آئے تھے دورے پر، انہوں کہا اس سے بڑی تباہی میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو تین وقت کا پکا پکایا کھانا دیا گیا، سندھ حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پریکٹس ہو چکی ہے، سیلاب کے بعد 21 لاکھ گھر بنائے گئے ہیں۔ 
دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈیموں پر تین صوبے قراردادیں منظور کر چکے ہیں، یہ قدرتی آفتیں ہیں، لوگوں سے مل کر ہی ان آفتوں سے نمٹا جا سکتا ہے، سیلاب سے اللہ کرے گا اتنا بڑا خطرہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کا کام ہونا ہے، مون سون کے پیش نظر کام سلو کیا گیا، کچے کے ایریاز لیفٹ اور رائیٹ بینک متاثر ہونے کے خدشات ہیں، جماعت اسلامی نے کوئی کام نہیں کیا، وہ صرف تنقید کرتے ہیں، 11 بجے آکر ٹی وی پر بیٹھ جاتے ہیں، فرحان غنی کے خلاف مقدمہ درج ہے، انہوں نے رضاکارانہ گرفتاری پیش کی۔

مقبول خبریں