اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

یہ ویڈیو نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے


ویب ڈیسک September 18, 2025

بالی ووڈ کی اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

گزشتہ دنوں اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آچکی ہے۔ یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب تقریباً 3:30 بجے پیش آیا، جب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے دیشا پٹانی کے بریلی میں واقع گھر کے باہر اندھا دھند فائرنگ کی۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دو حملہ آور موٹر سائیکل پر آتے ہیں، ان میں سے ایک شخص اداکارہ کے گھر کے باہر کئی گولیاں چلاتا ہے، جس کے بعد دونوں حملہ آور موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔ یہ ویڈیو نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس پر اداکارہ کی مداحوں کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ واقعے کے بعد بدنام زمانہ گینگسٹرز روہت گودارا اور گولڈی برار گینگ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی مبینہ وجہ دیشا پٹانی کی بہن خوشبو پٹانی کی جانب سے گینگ کے روحانی پیشواؤں، پریمانند مہاراج اور انیرودھاچاریہ مہاراج کے بارے میں مبینہ طور پر توہین آمیز بیان تھا۔ پولیس اس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ 

مقبول خبریں