راولپنڈی میں سود خوروں کی شادی شدہ خاتون سے متعدد بار زیادتی، کروڑوں ہتھیائے اور زہر دے کر مار ڈالا

زہر پھیلنے کی وجہ سے خاتون جاں بحق ہوگئی، شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج، خاتون کا تشویشناک حالت میں بیان سامنے آگیا


صالح مغل November 07, 2025
فوٹو: فائل

راولپنڈی میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں سود خوروں نے خاتون کو نہ صرف کروڑوں روپے سے محروم کیا بلکہ متعدد بار مبینہ زیادتی کا نشانہ بناکر زہر کھلا کر مار ڈالا۔

راولپنڈی کے تھانہ گوجرخان کے علاقے سٹی پیلس بابا رحیم شاہ کے علاقے میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں مقامی جیولرز اور فنانس بینک کے ملازم نے ساتھی کے ساتھ مل کر شادی شدہ خاتون کے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات ہتھیا کر لین دین کے معاملے میں پھنسایا اور پھر بلیک میل کرکے متعدد بار زیادتی کا نشانہ بناکر زہریلی گولیاں کھلا دیں۔

خاتون کی پراسرار حالات میں زہر خورانی سے جاں بحق ہونے کے بعد موبائل فون سے ہوشربا انکشافات کی ویڈیوز سامنے آئیں جس میں خاتون نے جیولرز اور ملزمان پر سود پر پیسے دے کر بلیک میل کرنے کا انکشاف کیا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق گوجر خان کے رہائشی شیراز آفتاب نے پولیس کو مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ والد، اہلیہ اور گیارہ سالہ بیٹی ساتھ رہتے ہیں، طلحہ جیولرز کا مالک عدیل طویل عرصے سے خاندانی زیورات بنا رہا تھا اور اُس کے ساتھ ہمارے گھریلو مراسم بھی تھے۔

مدعی کے مطابق چار پانچ سال کے دوران اس نے اہلیہ سے مراسم قائم کیے جس کا مجھے علم نہ تھا، میں گھر پر موجود تھا کہ اہلیہ کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور اس نے قے شروع کردی، پوچھا تو اس نے کہا زندہ نہیں رہنا چاہتی زہر دیا گیا ہے۔

شوہر کے مطابق ریسکیو 1122 ایمبولینس بلوا کر زوجہ کو اسپتال منتقل کیا اس دوران اہلیہ نے بتایاکہ موبائل میں ویڈیوز موجود ہیں دیکھ لینا اور بتایا کہ طلحہ جیولرز کے مالک عدیل نے مجھے بھلا پھسلا کر شادی والے زیورات اور دیگر جو تقریبا 40 تولے سونا بنتا ہے لے لیا اور دکان پر موسیٰ نامی شخص سے ملایا جنہوں نے زیور لے کر تسلی دیکر فروخت کروادیا۔

’بار بار استفسار کرنے پر وہ مجھے موبی لنک فنانس بینک لےگئے اور بینک کے ملازم جواد سے ملوایا اور میرے زیورات میں کچھ زیورات جو تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے کے تھے جمع کروا کر میرے نام پر قرض لیا، بعد ازاں ملزم گھر آگیا اور چار لاکھ روپے طلب کرکے نہ دینے کی صورت میں دھمکیاں دیں کہ پولیس کو بلوالوں گا اور بلیک میل کرنا شروع کردیا‘۔

شوہر کے مطابق ملزمان نے دھمکی دی تھی کہ تمھارے خاوند کو مروا دیں گے کبھی کہتے تمہیں جیل بھجوا دیں گے اور بدنام کردیں گے، ڈر اور خوف کی وجہ سے گھر میں پڑے پرائز بانڈ اور نقدی اٹھا کر دیتی رہی جب انھیں یقین ہوگیا کہ مجھے اپنی مٹھی میں کرلیا ہے تو مختلف اوقات میں میرے ساتھ زنا بالجبر کیا اور مسلسل بلیک میل کرتے رہے ساتھ ہی سود اور بھتے کے نام پر رقوم ہتھیاتے رہے۔

مدعی مقدمہ نے مزید موقف اختیار کیا کہ میرے اور والد کے گھر سے کام پر جانے کے بعد وہ لوگ گھر آجاتے اور کبھی اہلیہ کو باہر بلواتے تھے۔ مدعی کے مطابق ہم لوگ کاروباری لوگ ہیں گھر میں گندم میں رکھنے والی گولیوں کی موجودگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عدیل، موسی اور جواد نے اہلیہ کو پہلے بلیک میل کیا پھر سود اور پھر بھتہ لیتے رہے انھوں نے اہلیہ کو یا تو گولیاں لا کر دیں یا خود پلائیں اور متعدد مرتبہ زیادتی کی، اہلیہ عزت اور طلاق کے خوف کی وجہ سے خاموش رہی۔

مذکورہ افراد نے اہلیہ کو لوٹ کر زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیا، اہلیہ کے فون میں تمام ویڈیوز موجود ہیں اور باقی باتیں اہلیہ نے مجھے بتائیں، معاشرے کے ناسوروں نے ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا۔

پولیس نے قتل اور مبینہ زیادتی کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، مقتولہ کا نزع کی حالت میں ویڈیو بیان اور اس سے پہلے کا شدید کرب میں ریکارڈ کیا گیا ویڈیوبیان بھی سامنے آیا ہے جس میں وہ جیولرز وغیرہ کو تمام معاملات کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔

اے ایس پی گوجر خان دانیال کاظمی کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

مقبول خبریں