وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے

شہباز شریف بحرینی بادشاہ، ولی عہد اور دیگر اہم شخصیات سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے


ویب ڈیسک November 26, 2025

اسلام آباد:

وزیراعظم محمد شہباز شریف 26 تا 27 نومبر بحرین کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔

سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور سینئر افسران بھی شامل ہیں۔

اس اہم دورے کے دوران وزیراعظم بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم  شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور بحرین کے نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ کے ساتھ اعلیٰ سطح کی  ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ مملکت بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ خوشگوار تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی اور تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

اس دورے سے روایتی طور پر گرمجوشی اور خوشگوار تعلقات کو تقویت ملے گی، شراکت داری کی نئی راہیں متعین ہونگی اور دونوں  ممالک کے عوام کے مابین روابط کو گہرا کیا جائے گا، جو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون میں حصہ ڈالے گا۔

مقبول خبریں