نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

ویسٹ انڈین ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی


اسپورٹس ڈیسک December 12, 2025

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو ویسٹ انڈین ٹیم 205 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

شائے ہوپ 47 اور جان کیمپبیل 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے 4، مائیکل رائے نے 3 جبکہ جیکب ڈفی اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 278 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ مچل ہے 61 اور ڈیوون کونوے 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اینڈرسن فلپ نے 3، کیمار روچ نے 2 جبکہ جیڈن سیلز، اوجے شیلڈز، جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈین ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جیکب ڈفی نے 5، مائیکل رائے نے 3 اور زیک فولکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 56 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کپتان ٹام لیتھم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوون کونوے 28 اور کین ولیمسن 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 18 دسمبر سے ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور رواں سائیکل میں یہ نیوزی لینڈ کی پہلی فتح ہے۔

مقبول خبریں