راجر فیڈرر کا ریٹائرمنٹ کے 3 سال بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کا اعلان

دوبارہ آسٹریلیا آنے اور مداحوں کے ساتھ مزید یادگار لمحات بنانے کے لیے بے حد پرجوش ہوں، فیڈرر


اسپورٹس ڈیسک December 12, 2025

ٹینس کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کے تین سال بعد ایک بار پھر کورٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ فیڈرر آئندہ سال آسٹریلین اوپن کے دوران ایک خصوصی نمائشی میچ کھیلیں گے جس میں ان کے ساتھ تین سابق عالمی نمبر ون اسٹارز بھی شامل ہوں گے۔

ایونٹ منتظمین کے مطابق فیڈرر ’بیٹل آف دی ورلڈ نمبر ونز‘ میچ کی قیادت کریں گے، جو پہلی بار ہونے والی افتتاحی تقریب کا حصہ ہوگا۔

یہ خصوصی تقریب 18 جنوری کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک رات پہلے منعقد کی جائے گی، جس میں فیڈرر کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔

سوئس اسٹار نے اپنے کیریئر میں 20 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے، جن میں سے چھ آسٹریلین اوپن ٹائٹل ہیں۔

 وہ اس نمائشی میچ میں چار مرتبہ کے آسٹریلین اوپن فاتح آندرے آگاسی اور آسٹریلیا کے اسٹارز پیٹ رافٹر اور لیٹن ہیووِٹ کے ساتھ کورٹ میں اتریں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ’یوں محسوس ہوتا ہے جیسے صدیاں گزر گئیں جب میں نے آسٹریلین اوپن کو ‘ہیپی سلیم’ کہا تھا۔ آج بھی اس نام کو سوچ کر میرے چہرے پر مسکراہٹ آ جاتی ہے کیونکہ اس کورٹ پر میری بے شمار خوبصورت یادیں ہیں۔‘

فیڈرر نے مزید کہا کہ راڈ لیور ایرینا پر کھیلتے ہوئے انہوں نے خوشیوں، بڑے مقابلوں اور شاندار مداحوں کی محبت سمیت بے شمار جذباتی لمحات دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ 7 سال کے وقفے کے بعد 2017 میں آسٹریلین اوپن کا اعزاز دوبارہ جیتنا ان کی زندگی کی قیمتی ترین یادوں میں سے ایک ہے، پھر 2018 میں ایک اور فتح ان کے لیے خواب کی تکمیل تھی۔

فیڈرر نے شائقین کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ آسٹریلیا آنے اور مداحوں کے ساتھ مزید یادگار لمحات بنانے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ فیڈرر نے 2004، 2006، 2007، 2010، 2017 اور 2018 میں آسٹریلین اوپن چیمپئن بنے تھے۔

مقبول خبریں