یوم آزادی آج جوش و جذبے سے منایا جائے گا شہر میں قومی پرچموں کی بہار

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب مزار قائد پر ہوگی،2 ہزار طلبا ملی نغمے پیش کریں گے، تحریک آزادی کے شہدا کیلیے قران خوانی۔۔۔


Staff Reporter August 14, 2014
جشن آزادی کے حوالے سے جامعہ کراچی کی تقریب میں طلبہ و طالبات 250 فٹ طویل قومی پرچم تھامے ہوئے ریلی میں شریک ہیں۔ فوٹو: آن لائن

KARACHI: شہر میں 68واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی ،خوشحالی اور ترقی کی دعاؤں کے ساتھ کیا جائے گا۔

کراچی میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، پرچم کشائی کی تقریب صبح 8 بجے مزار قائد اعظم محمد علی جناح پر منعقد ہوگی جس میں گورنر سندھ ،وزیر اعلیٰ سندھ ،صوبائی وزرا ،مسلح افواج کے نمائندے اور دیگر شرکت کریں گے ،پرچم کشائی کی تقریب میں 2 ہزار سے زائد طلبا ملی نغمے پیش کریں گے ،تقریب میں گارڈز کی تبدیلی بھی ہوگی اور پاک بحریہ کادستہ مزار قائد اعظم پر سلامی دینے کے بعدگارڈز کے فرائض سنبھالے گا۔

جشن آزادی کے حوالے سے کراچی کی سرکاری اور نجی عمارتوں، محلوں ،گلیوں ،شاہراہوں اور اہم مقامات پر قومی پرچم آویزاں کردیے گئے ہیں جبکہ تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ،جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے عوام میں جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے، شہریوں نے اپنی گاڑیوں پر بھی پرچم لگائے ہیں جبکہ جشن آزادی کا سب سے زیادہ جوش بچوں میں ہے، جنھوں نے جشن آزادی منانے کے لیے مختلف تیاریاں کی ہیں۔

14 اگست کو مختلف اداروں کے علاوہ تعلیمی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوگی ،جس میں طلبہ و طالبات ملی نغمے پیش کرنے کے علاوہ مختلف ٹیبلوز پیش کریں گے جن میں جشن آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا ،جشن آزادی کے حوالے سے مختلف سیاسی، مذہبی، مزدور، سول سوسائٹی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام کی بڑی تعداد مزار قائد پر حاضری دے گی جبکہ ان جماعتوں کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف تقاریب منعقد ہوں گی۔

14 اگست کے موقع پر تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے مختلف مقامات پر قرآن خوانی بھی کی جائے گی، جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بدھ کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ، سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ آزادی کا دن اخوت ، بھائی چارے ،برداشت، اتحاد اور رواداری کا درس دیتا ہے،تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے انتھک محنت اور بے مثال قربانیوں کے نذرانے پیش کیے ،یہ غلامی سے آزادی تک کی ایک لا زوال جد جہد پر مشتمل طویل داستان ہے، ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کے ثمر میں ملنے والی آزادی کی قدر و منزلت اور احترام کی ذمے داریوں کواحسن طریقے سے پورا کرنا ہوگا۔

ہر پاکستانی کی طرح میری بھی یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، یہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ہم اپنے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں، انھوں نے کہاکہ آج 68ویں یوم آزادی کے موقع پرپاک فوج شمالی وزیرستان میں ضرب عضب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں سے صف آرا ہے۔

اس آپریشن کے سبب نقل مکانی کرنے والے افراد کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے،آج ہمیں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے انکی ر ممکن مدد کرنی ہے کیونکہ ہمارا اتفاق ہی ہماری طاقت ہے اور اسی طاقت کے ذریعے ہمیں اس مشکل گھڑی میںپاک فوج بھرپور ساتھ دینا ہوگا، آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد و چیئرمین پرویز مشرف نے پاکستان کے 68ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغا م کہا ہے کہ پاکستان خدائے رب ذوالجلال کی وہ عظیم نعمت ہے جس کی تقدیس و حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔

جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری،مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم، پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر ایم این اے فریال تالپور اور دیگر نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان اﷲ کی نعمت ہے، حکمران اور عوام اس کی قدر کریں، یہ ملک لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے، پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔