محسن نقوی ٹیم کی سلیکشن میں کوئی مداخلت نہیں کرتے، عاقب جاوید

پاکستان ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ میں بہتری آگئی ہے، سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم


ویب ڈیسک December 22, 2025

لاہور:

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس و سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ میں بہتری آگئی ہے۔

پی سی بی پوڈکاسٹ کے 68 ویں ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ سلیکٹرز اور کپتان مل کر مشاورت کے ساتھ ٹیم بناتے ہیں، چیئرمین پی سی بی سلیکشن معاملات میں کوئی دخل اندازی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے مشکل ادوار بھی آئے لیکن محسن نقوی نے ہمیشہ سلیکشن کمیٹی کو سپورٹ کیا، وہ ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ ٹیموں کے انتخاب میں بار بار اجلاس بلائیں تاکہ بہتر پلیئرز کا انتخاب عمل میں لایا جا سکے جتنا پلیئرز کا اچھا پول ہوا سلیکشن میں مشکل ضرور ہوگی لیکن ٹیم بہت اچھی بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ کھیل میں کامیابی کے لیے واضح سمت، بہترین حکمت عملی اور طویل المدتی ویژن ناگزیر ہے، ٹیم کی بہتر کارکردگی کا انحصار صرف نتائج پر نہیں بلکہ پلیئر پول کے معیار اور بہترین ٹیلنٹ پر ہوتا ہے۔

عاقب جاوید نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت اور ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انفرااسٹرکچر اور طویل المدتی منصوبہ بندی پر توجہ کے باعث اسٹرکچرل اصلاحات ممکن ہو رہی ہیں، یہ مستقبل میں قومی کرکٹ کو مضبوط بنیاد فراہم کریں گی۔

عاقب جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ جدید سہولیات اور معیاری انفراسٹرکچر پائیدار ہائی پرفارمنس کرکٹ کی ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ میں بہتری آئی ہے، مختلف نوعیت کی پچز کی تیاری اور ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے کھلاڑیوں کے درمیان صحتمندانہ مقابلہ بڑھ رہا ہے، یہ فضا قومی کرکٹ کے لیے خوش آئند اشارہ ہے۔

مقبول خبریں