پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کل ہوگی

ملازمین کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ فراہم کیا جائے گا، پنشن اور ریٹائرمنٹ کے بعد مراعات ہولڈنگ کمپنی ادا کرے گی


ویب ڈیسک December 22, 2025

 

پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کے لیے بولی کل اسلام آباد میں ہوگی، کامیاب پارٹی کو بقیہ 25 فیصد حصص خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔

نجکاری کمیشن ذرائع کے مطابق ممکنہ نئے سرمایہ کار کو 5 سال میں 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی، 75 فیصد حصص کی رقم کا ساڑھے 92 فیصد پی آئی اے میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہوگا، ساڑھے 7 فیصد رقم حکومت کو منتقل کی جائے گی۔

نجکاری کمیشن بورڈ پہلے ریزرو پرائس کی منظوری دے گا جس کے بعد کابینہ کمیٹی نجکاری سے حتمی منظوری لی جائے گی۔ پری کوالیفائیڈ بڈرز گروپس صبح پونے 11 بجے سے سوا 11 بجے تک اپنی اپنی بڈز جمع کرائیں گے اور ساڑھے تین بجے میڈیا کی موجودگی میں سیل بند بولیاں کھولی جائیں گی۔

حکام نجکاری کمیشن کے مطابق ریزرو پرائس سے زائد ہونے کی صورت میں بڈ اوپن کی جائے گی، کم بولی کی صورت میں سب سے زیادہ بولی دہندہ کو قیمت میچ کرنے کا موقع دیا جائے گا، کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کیلئے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔

پی آئی اے کے ملازمین کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ فراہم کیا جائے گا، پنشن اور ریٹائرمنٹ کے بعد مراعات ہولڈنگ کمپنی کے ذمے ہوں گی۔

واضح رہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کے کل اثاثہ جات کی مالیت 150 ارب سے 190 ارب روپے کے درمیان ہے، پی آئی اے کے پاس 34 طیارے اور 90 سے زائد روٹس شامل ہیں۔

پی آئی اے اس یومیہ 70 پروازوں کو ملکی و بین الاقوامی روٹس پرآپریٹ کرتا ہے، پی آئی اے کی یومیہ 45 بین الاقوامی اور 25 ڈومیسٹک پروازیں شامل ہیں۔

پی آئی اے موجودہ وقت میں 18 انٹرنیشنل اور 13 ڈومیسٹک روٹس پر پروازیں چلا رہی ہے، پی آئی اے کے پاس بوئنگ ٹرپل سیون ، ائیربس اور اے ٹی آر طیارے بیڑے میں شامل ہیں۔

اس وقت 34 میں سے صرف 18 جہاز آپریشنل ہیں 16 گرائونڈ ہیں، پی آئی اے کے مجموعی ملازمین ساڑھے 9 ہزار ملازمین ہیں۔

پی آئی اے کے پاس ساڑھے 6 ہزار مستقل اور باقی کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز شامل ہیں، پی آئی اے کے امریکا اور فرانس میں قائم ہوٹلز کو ائیرلائن سے علیحدہ کرکے الگ کمپنی میں رکھا گیا ہے۔

پی آئی اے کی یومیہ آمدنی 600 سے 800 ملین روپے کے درمیان ہے، جنوری تا جون 2025 کے 6 ماہ میں پی آئی اے نے 112 ارب روپے کی آمدنی ہوئی۔

پی آئی اے خریداری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں نے نجکاری کے بعد ایک سال تک دوران ملازمت سے برطرفی نہ کرنے کی نجکاری کمیشن کو یقین دہانی کرادی ہے تین سال تک ملازمین کو نہ نکالنے کی شرط ماننے سے خریدار کمپنیوں نے نجکاری کمیشن کو انکار کردیا تھا۔

پی آئی اے لندن اور برمنگھم کے لیے بھی جلد پروازوں کو شروع کرے گا۔

ذرائع نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کے 51 تا 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، پی آئی اے کا امریکا میں روزویلٹ اورفرانس میں اسکرائب ہوٹل موجود ہیں۔

مقبول خبریں