سعودی عرب میں برفباری کے بعد صحراؤں میں اونٹوں کے نایاب مناظر وائرل

اس نایاب منظر کو دیکھنے کے لیے مقامی افراد اور سیاح بڑی تعداد میں پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں


ویب ڈیسک December 23, 2025

سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں غیر معمولی برفباری کے بعد تبوک اور تروجینا کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے، جس سے یہ علاقے ایک خوبصورت سرمائی تفریح گاہ میں تبدیل ہو گئے۔

اس نایاب منظر کو دیکھنے کے لیے مقامی افراد اور سیاح بڑی تعداد میں پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق تروجینا ہائی لینڈز میں برفباری سے پہاڑوں اور چٹانوں پر سفید چادر بچھ گئی، جس نے شمالی سعودی عرب کے مناظر کو یکسر بدل دیا۔ شہریوں نے اس موقع پر تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

تبوک کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری دیکھی گئی، جہاں لوگ پکنک مناتے، برف میں کھیلتے اور اس غیر معمولی موسم سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ بلند مقامات پر سرد موسم نے سعودی عرب کے عام صحرائی ماحول کے برعکس ایک منفرد منظر پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خاص طور پر توجہ کا مرکز بنی، جس میں برف سے ڈھکے صحرا میں کھڑے اونٹ دکھائی دے رہے ہیں، جسے سعودی عرب کے نایاب ترین مناظر میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

تروجینا پہاڑ، جو نیوم منصوبے کا حصہ ہیں، سطح سمندر سے تقریباً 2 ہزار 600 میٹر بلند ہیں اور خلیجِ عقبہ سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں، جس کے باعث یہ علاقہ سرمائی سیاحت کے لیے آسانی سے قابلِ رسائی سمجھا جاتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں بارش، گرج چمک، تیز ہوائیں اور دھند کا امکان ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مقبول خبریں