کراچی:
کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ہیڈ آفس کے باہر نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج شروع ہو گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق احتجاج میں پی آئی اے کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے نجکاری کے فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کا عمل شروع ہوتے ہی ان کے تحفظات میں اضافہ ہو گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے ہیں جن پر نجکاری کے خلاف نعرے درج ہیں اور حکومت سے اس فیصلے پر نظرِثانی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
احتجاج کرنے والے ملازمین کا مؤقف ہے کہ نجکاری سے ہزاروں ملازمین کے روزگار کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں جبکہ قومی ادارے کو فروخت کرنے کا فیصلہ ملک اور ادارے دونوں کے مفاد میں نہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کو مضبوط بنانے کے لیے اصلاحات کی جائیں نہ کہ اسے نجی شعبے کے حوالے کیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں گزشتہ رات بلاول ہاؤس چورنگی پر ییپلز یونٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کے دوران دھرنا دیا تھا۔