کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کے انڈر 19 ایشیا کپ کے ہیرو سمیر منہاس نے پہلی بار اپنے آئیڈیل کرکٹر کا نام بتا دیا جس کو وہ اپنا ہیرو مانتے ہیں۔
پاکستان کے نوجوان کرکٹر سمیر منہاس نے بتایا ہے کہ ان کے پسندیدہ اور آئیڈیل کرکٹر بابر اعظم ہیں۔ سمیر منہاس کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی پراعتماد بیٹنگ اور مشکل حالات میں اچھی کارگردگی انہیں مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران جب سمیر سے پوچھا گیا کہ وہ کس پاکستانی کھلاڑی کو اپنا ہیرو مانتے ہیں تو انہوں نے فوراً بابر اعظم کا نام لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا دباؤ میں پرسکون رہ کر کھیلنا ان کے لیے مثال ہے۔
19 سالہ سمیر منہاس نے حال ہی میں اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2025 میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا۔
دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں سمیر منہاس نے بھارتی بولرز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کی اور 113 گیندوں پر 172رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ سمیر منہاس نے اپنی اننگز کے دوران 17 چوکے اور 9 چھکے لگائے، انہوں نے بیشتر رنز باؤنڈریز لگاکر حاصل کیے۔
بعد ازاں پاکستانی بولرز نے بھارت کو 156 رنز پر آؤٹ کر دیا اور یوں پاکستان نے 191 رنز سے بڑا مقابلہ جیت کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ایشیا کپ میں سمیر منہاس نے پانچ میچز میں 471 رنز بنائے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔ انہوں نے دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی۔